21
Mar
2024

World Poetry Day, 21 March

Message By Worthy Secretary E&SED

معزز طلبہ و طالبات ،21 مارچ کو شاعری کے عالمی دن کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ بین الاقوامی شاعری کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں شاعری کی عظمت و اہمیت کو بیان کرنے کا موقع ملتا ہے۔ شاعری انسانی جذبات ،احساسات اور تجربات کو ایک حسین پیرائے میں بیان کرنے کا نام ہے۔ ہر زبان اور ثقافت میں شاعری کی اپنی حسن اور انفرادیت ہوتی ہے جو قوموں کے درمیان مشترکہ جذبات اور احساسات کی فہم میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اردو شاعری کا دامن انتہائی وسیع ہے اس کا دلوں کو چھو لینے والا شعری ورثہ زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بیان کرتا ہے۔

تحقیق سے یہ حقیقت آشکار ہوجاتی ہے کہ ۱۸۵۷ء کی جنگ عظیم سے لے کر تحریک آزادی میں اردو شاعری عوامی آواز کا مضبوط حوالہ ثابت ہوئی ۔

علامہ محمد اقبال، مرزا غالب،مولوی محمد باقر ، الطاف حسین حالی اور محمد حسین آزاد نے جس انداز اور ولو لے کی قومی اور وطنی شاعری کو رواج دیا اور قوم میں حب الوطنی کے جذبات پیدا کیے، نتیجتاً عوام الناس میں آزادی کا جذبہ دلوں میں پیدا ہوا ۔ ان شعرا کے علاوہ فیض احمد فیض ،احمد ندیم قاسمی،احمد فراز ، علی سردار جعفری اور دیگر شعراء اپنے دور کے انقلابی شاعر کے طور پر ابھرے۔

شاعری انسانیت کی روح کو جگاتی ہے، اسے زندگی کی حقیقتوں کا سامنا کرنے کے قابل بناتی ہے۔ شاعری کو معاشرے کی زبان بھی کہا جاتا ہے ۔ کسی بھی معاشرے کے تمام معاملات نظام حادثات و واقعات اور حالات کا نچوڑ شاعری میں نظر آتا ہے۔ العرض شاعری کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتی ہے۔ شاعر چونکہ معاشرے کا حساس ترین فرد ہوتا ہے اس لیے اس کے محسوسات جذبات اور پرکھ دیگر تمام لوگوں سے مختلف ہوتے ہیں۔

شاعر ہر چیز کا گہرائی سے مطالعہ کرتا ہے اور روزمرہ حالات و واقعات کو ایک الگ زاویے سے جانچتا ہے ۔ امید کرتا ہوں کہ ہمارے علمی و ادبی حلقوں اور خصوصاً تعلیمی اداروں میں کما حقہ اس دن کو منایا جائے گا۔

نہیں ہے نا اُمید اقبالؔ اپنی کشتِ ویراں سے

ذرا نم ہو تو یہ مٹّی بہت زرخیز ہے ساقی

Visits: 111